رنگ روڈ پر جرمانوں میں نمایاں اضافہ کرنے کا فیصلہ
اوور سپیڈنگ کے جرمانے کو 500 سے بڑھا کر 5000 کرنیکی تجویز
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے لاہور رنگ روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے جرمانوں میں نمایاں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اوور سپیڈنگ کے جرمانے کو 500 روپے سے بڑھا کر 5000 روپے کرنے کی تجویز زیر غور ہے جس کی منظوری کیلئے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے ۔حکام کے مطابق لاہور رنگ روڈ پر جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے جو رنگ روڈ اتھارٹی کے زیر انتظام کام کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد رنگ روڈ پر ٹریفک کی مؤثر نگرانی اور سکیورٹی کو مزید بہتر بنانا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے ذریعے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ اوور سپیڈنگ کرنیوالی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکام کے مطابق منصوبے کے تحت اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے جو گاڑیوں کی رفتار اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرینگے ۔حکام نے بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا یہ منصوبہ 871 ملین روپے کی لاگت سے چار ماہ میں مکمل کیا جائے گا جس سے رنگ روڈ پر ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے اور حادثات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔