268 قبرستانوں کے گرد بھی خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات
15ہزار ورکرز اور1400 گاڑیاں تینوں شفٹوں میں فیلڈ میں متحرک رہیں
لاہور(اے پی پی) عید الفطر پر شہر لاہور میں ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے شہریوں کو شاندار صفائی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی گئی۔ بہترین صفائی انتظامات کے لیے صفائی آپریشن چاند رات سے لے کر عید کے دوسرے روز تک جاری رہا۔ ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق15 ہزار ورکرز اور1400 سے زائد گاڑیاں تینوں شفٹوں میں فیلڈ میں متحرک رہیں۔عید صفائی آپریشن کی ڈیجیٹل نگرانی سینٹرل کنٹرول روم سے مسلسل جاری رہی۔عید کے پہلے روزصفائی آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی ملک بلال ذوالفقار کھوکھر اورسی ای او بابر صاحب دین نے مختلف علاقوں کے دورے کیے ۔چیئرمین ملک بلال ذوالفقار کھوکھر نے عید پر خصوصی صفائی انتظامات کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے مطابق شہریوں کو بہترین صفائی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے کہا کہ عید الفطر صفائی پلان پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے 1500 سے زائد عید گاہوں اور جامع مساجد پر صفائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائے گئے ۔عید گاہ جانے والے راستوں پر واٹر سپرنکلنگ اورچونے کا چھڑکاؤ کیاگیا۔268 سے زائد قبرستانوں کے گرد بھی خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔