2یونٹس بند، ڈرم کڑاہے، 3200 کلو چربی آلائشیں ضبط
جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر ملزمان کیخلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ درج
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے )ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ٹیموں نے کرول گھاٹی میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2یونٹس بند، ڈرم کڑاہے ، 3200 کلو چربی آلائشیں، 650 کلو چربی سے تیار فیٹ ضبط کرکے 2مقدمات درج کروادیے ۔ تفصیلات میں بتایا گیا کہ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر ملزمان کیخلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ درج کرا دیا گیا، ملزمان رہائشی علاقے میں چھپ کر چربی ،آلائشوں سے آئل تیار کرنے کا گھناؤنادھندہ کر رہے تھے ، انتہائی لازم آئل ریکارڈ، لائسنس کی عدم موجودگی پر کارروائی عمل میں لائی گئی، چربی سے نکالے گئے آئل میں لازم میٹانیل ڈائی بھی شامل نہیں کی گئی تھی، آلائشوں سے تیار آئل صرف بائیو ڈیزل بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ، ویجیلنس ٹیموں کو تیار آئل کی سپلائی کی فوری تحقیقات کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔ڈی جی فوڈاتھارٹی کے مطابق فیٹ رینڈر آئل سے کوکنگ آئل تیار کرنا سنگین جرم ہے ، زیادہ منافع کے لالچ میں عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا، عوام سے گزارش ہے کہ گردونواح میں واقع جعلساز مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کو1223پر مطلع کریں۔