رواں سال: 504پیشہ ور بھکاری زیرحراست ،502مقدمات
شاہراہوں اور سگنلز پر بھکاریوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں :سی سی پی او
لاہور (کرائم رپورٹر ) پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے ۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ماہِ اپریل کے دوران گداگری ایکٹ کے تحت 101 بھکاریوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران اب تک مجموعی طور پر 504 پیشہ ور بھکاریوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے جبکہ 502 مقدمات متعلقہ تھانوں میں درج کیے گئے ہیں۔ گرفتار افراد میں 500 مرد، 4 خواتین اور ایک سہولت کار شامل ہے ۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں اور ان کے سرپرست عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ بھکاری مافیا کی پشت پناہی کرنے والے منظم گروہوں کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جائے ۔سی سی پی او کا مزید کہنا تھا کہ بچوں اور خواتین کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے اشتراک سے پیشہ ور بھکاریوں کی بحالی کے اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں۔ٹریفک پولیس کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور سگنلز پر بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں ۔