طلبہ کو ایک وقت میں دو ڈگریاں حاصل کرنے کی اجازت

طلبہ کو ایک وقت میں دو ڈگریاں حاصل کرنے کی اجازت

پالیسی جدید تعلیمی ضروریات اور رجحانات کے پیش نظر تیار کی گئی :ایچ ای سی

لاہور(خبر نگار)ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ڈوئل، ڈبل اور جوائنٹ ڈگری پروگرامز کیلئے نئی پالیسی جاری کردی ہے ۔ نئی پالیسی کے تحت پاکستانی اور غیر ملکی جامعات کے درمیان تعلیمی اشتراک کا باضابطہ فریم ورک متعارف کرایا گیا ہے جبکہ طلبہ کو ایک وقت میں دو ڈگریاں حاصل کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے ۔ایچ ای سی کے مطابق نئی پالیسی طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم، مشترکہ ڈگری پروگرامز اور عالمی جامعات کے ساتھ اکیڈمک روابط کے بہتر مواقع فراہم کرے گی۔ پالیسی کے ذریعے ریسرچ تعاون، اسٹوڈنٹ موبیلیٹی اور تعلیمی شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔پالیسی میں کوالٹی ایشورنس، شفافیت اور ادارہ جاتی احتساب کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے تاکہ ڈگری پروگرامز عالمی معیار کے مطابق چلائے جا سکیں۔ ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی جدید تعلیمی ضروریات اور عالمی رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے ۔ایچ ای سی حکام کے مطابق نئی پالیسی سے پاکستانی جامعات میں انٹرنیشنلائزیشن کے عمل کو تقویت ملے گی جبکہ گریجوایٹس کی عالمی سطح پر پہچان اور روزگار کے مواقع بھی بہتر ہوں گے۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیا الحق نے اس پالیسی کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اہم پیشرفت قرار دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں