بدقسمتی سے حکمرانوں نے نوجوانوں کو مایوس کیا :جماعت اسلامی
پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں اٹھائے نوکریوں کیلئے دربدر :جاوید قصوری کسان دشمن پالیسیوں نے زراعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا :ضیاء الدین انصاری
لاہور(سیاسی نمائندہ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہوتے ہیں۔ اگر نوجوانوں کی صحیح خطوط پر تربیت، رہنمائی اور کردار سازی نہ کی جائے تو ملک کا مستقبل خطرات سے دوچار ہو جاتا ہے ۔ آج پاکستان کو جن معاشی، سیاسی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے ، ان سے نکلنے کے لیے نوجوان نسل کو تعلیم، ہنر اور مثبت مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے ۔
بدقسمتی سے موجودہ حکمرانوں نے نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں مایوسی، بے روزگاری اور غیر یقینی صورتحال کے حوالے کر دیا ہے ۔ پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں اٹھائے نوکریوں کے لیے دربدر پھر رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ اپنی مراعات اور اقتدار کے تحفظ میں مصروف ہے ۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی لاہور ضیائالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کسان ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، مگر حکومتی نااہلی، کسان دشمن پالیسیوں اور ناقص زرعی حکمت عملی نے کسانوں کو شدید معاشی بحران سے دوچار کر دیا ہے ۔