مون سون میں لیسکو کے جدید برقی نظام کی تنصیب کا آغاز

مون سون میں لیسکو کے جدید برقی نظام کی تنصیب کا آغاز

منصوبے سے ٹرپنگ، شارٹ سرکٹ اور بجلی کی خرابیوں میں نمایاں کمی کا امکاندرختوں کی شاخیں تاروں سے ٹکرانے کے باوجود سپلائی متاثر نہیں ہوگی: حکام

لاہور(آن لائن) لیسکو نے مون سون سیزن کے دوران بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنانے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں جدید برقی نظام کی تنصیب کا کام تیز کر دیا ہے ۔لیسکو حکام کے مطابق جیل روڈ، لارنس روڈ، شادمان اور ملحقہ علاقوں میں جدید انسولیٹڈ کنڈکٹرز بچھائے جا رہے ہیں جس پر لاکھوں روپے لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کا مقصد بارشوں کے دوران بجلی کی ٹرپنگ اور فالٹس میں نمایاں کمی لانا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ جدید انسولیٹڈ کنڈکٹرز کی بدولت بارش کے دوران درختوں کی شاخیں تاروں سے ٹکرانے کے باوجود بجلی کی سپلائی متاثر نہیں ہوگی جبکہ شارٹ سرکٹ اور غیر ضروری ٹرپنگ جیسے مسائل میں بھی واضح کمی آئے گی۔لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے کنسٹرکشن سرکل نے جدید تقاضوں کے مطابق برقی لائنز بچھانے کا عمل شروع کر رکھا ہے تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو کم سے کم لوڈشیڈنگ اور تکنیکی خرابیوں کا سامنا کرنا پڑے ۔سی ای او رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ مون سون میں بجلی کی ترسیل کے نظام کودرست کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں