سکولز:نان سیلری بجٹ کی تقسیم ،مانیٹرنگ طریقہ متعارف
فنڈز اسکولوں کے ایزی اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے ذریعے جاری کیے جائیں گے :حکام
لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے سرکاری اسکولوں کے نان سیلری بجٹ کی تقسیم اور مانیٹرنگ کا نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد اسکولوں کو فنڈز نئے این ایس بی فارمولے کے تحت جاری کیے جائیں گے ۔ نئے فارمولے کے مطابق فکسڈ سکول الاٹمنٹ کے لیے مجموعی بجٹ کا 17 اعشاریہ 41 فیصد حصہ مختص کیا گیا ہے جبکہ طلبہ کے اندراج اور تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر 25اعشاریہ 40 فیصد فنڈز تقسیم کیے جائیں گے ۔یوٹیلٹی بلز، مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات کے لیے 35 فیصد بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ فرنیچر اور فعال ٹوائلٹس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 10 فیصد فنڈز رکھے گئے ہیں۔سکولوں کے کھیلوں کے میدانوں اور سپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 5 فیصد بجٹ مختص کیا گیا ہے جبکہ دور دراز علاقوں میں واقع سکولوں کو ریموٹنیس فیکٹر کے تحت 3 فیصد اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں گے ۔حکام کے مطابق تمام فنڈز سکولوں کے ایزی اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے ذریعے جاری کیے جائیں گے جبکہ پی ایم آئی یو پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کے لیے نئے فارمولے کے تحت سالانہ نان سیلری بجٹ کا تعین کرے گا۔