ای او بی آئی مستقل چیئرمین کے بغیر انتظامی بحران کاشکار
تنظیموں کا تشویش کا اظہار ، اڑھائی سو بھرتیاں، باقی بھی جلد ہونگی :حکام
لاہور(عاطف پرویز سے ) ملک کے لاکھوں رجسٹرڈ کارکنوں اور پنشنرز کو سہولیات فراہم کرنے والا ادارہ ای او بی آئی انتظامی بحران کا شکار دکھائی دیتا ہے ۔ ادارہ گزشتہ دو سال سے مستقل چیئرمین کے بغیر چلایا جا رہا ہے ، جس پر ملازمین تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پانچ سو ارب روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے حامل اس قومی ادارے میں تقریباً نصف اسامیاں خالی ہیں۔ای او بی آئی ایمپلائیز فیڈریشن کے صدر عطا محمد خان کا کہنا ہے کہ مستقل قیادت نہ ہونے سے پالیسی سازی اور انتظامی فیصلوں میں تاخیر کا سامنا ہے ۔ای او بی آئی ایمپلائز فیڈریشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ادارے میں مستقل چیئرمین تعینات کیا جائے اور خالی اسامیوں پر فوری بھرتیاں کی جائیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اڑھائی سو سیٹوں پر بھرتیاں کی ہیں ،باقی بھی جلد ہونگی ۔