لمپی اسکن وائرس، متاثرہ جانوروں کی تعداد بڑھ گئی
چک 92 ، 87 ، 91 شمالی، 7 جنوبی، چک 104 جنوبی، نبیہ شاہان، دیگر مضافاتی علاقوں میں کیسز مسلسل رپورٹ ہورہے ہیں،مویشی پال افراد کو معاشی نقصان وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن مہم مطلوبہ نتائج نہیں دے سکی، متعدد علاقوں میں ویکسین کی عدم دستیابی کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں،ذرائع
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) ضلع سرگودھا میں مویشیوں خصوصاً گائے اور بھینسوں میں لمپی اسکن وائرس کے کیسز میں اضافہ کے باعث کسانوں اور مویشی پال حضرات میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ، مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق متعدد دیہات میں وائرس کے باعث متاثرہ جانوروں کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے حفاظتی اقدامات ناکافی قرار دیے جا رہے ہیں،ذرائع کے مطابق چک 92 شمالی، چک 87 شمالی، چک 91 شمالی، چک 7 جنوبی، چک 104 جنوبی، نبیہ شاہان، چک 66 شمالی، چک 40 شمالی اور دیگر مضافاتی علاقوں میں لمپی اسکن وائرس کے کیسز مسلسل رپورٹ ہورہے ہیں، بیماری کے باعث متاثرہ مویشیوں کی تعداد میں تشویشنا ک حد تک اضافہ سے مویشی پال افراد کو معاشی نقصان اور پریشانی کا سامنا ہے ،فارمرز کی شکایات کے مطابق ضلعی سطح پر لمپی اسکن وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم مطلوبہ نتائج نہیں دے سکی۔
متعدد علاقوں میں ویکسین کی عدم دستیابی اور بروقت فراہمی نہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں، مویشی پال حضرات کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر ویٹرنری عملہ بھی مناسب رہنمائی اور سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے ،جبکہ ماہرین کے مطابق لمپی اسکن وائرس جانوروں میں تیز بخار، جلد پر گانٹھیں، خوراک میں کمی، دودھ کی پیداوار میں کمی اور کمزوری جیسی علامات پیدا کرتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال فوری توجہ کی متقاضی ہے اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو وائرس مزید علاقوں تک پھیل سکتا ہے ، جس کے نتیجے میں مویشیوں کی ہلاکتوں اور مالی نقصانات میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔