ڈپٹی کمشنر ،سی پی اور کا دورہ گوجر خان، سکیورٹی انتظامات کا جائز ہ
امام بارگاہوں اور جلوس کے مختلف روٹس کا معائنہ ،ہر ممکن سہولت فراہمی کی ہدایت
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے سی پی او کے ہمراہ تحصیل گوجرخان کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں جلوسوں اور مجالس کے روٹس، سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے امام بارگاہوں اور جلوس کے مختلف روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، روشنی اور ہنگامی طبی امداد کے انتظامات کو ہر وقت فعال رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول میسر آ سکے ۔بعد ازاں تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتال گوجرخان کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، ادویات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔