واسا کے تمام اثاثہ جات کی جیو ٹیگنگ، ریونیو میں اضافے کا پلان

واسا کے تمام اثاثہ جات کی جیو ٹیگنگ، ریونیو میں اضافے کا پلان

افسران فیلڈ میں نکلیں، شہریوں کے مسائل دہلیز پر جا کر حل کریں،ڈپٹی کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کی جانب سے واسا افسران کو فیلڈ میں نکل کر عوامی مسائل حل کرنے ،یونین کونسل اور محلہ کی سطح پر کھلی کچہریاں لگانے ،غیر قانونی کنکشنز کو قانونی بنانے اور بلوں کی ریکوری تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے واسا کے تمام اثاثہ جات کی جیو ٹیگنگ، ریونیو میں اضافے کا پلان کر لیا گیا ،تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے واسا افسران کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ڈی او سے لے کر منیجنگ ڈائریکٹر تک تمام افسران فیلڈ میں نکلیں، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر حل کریں، یونین کونسل اور محلے کی سطح پر کھلی کچہریوں کا انعقاد یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر سب ڈویژن میں متعلقہ ایکسین اپنی کارکردگی کا براہ راست ذمہ دار ہوگا۔اس امر کا اظہار انہوں نے واسا کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد ابوبکر عمران اور ادارے کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ واسا اپنی ریونیو وصولیوں میں اضافہ کرے ، تمام اثاثہ جات کی جیو ٹیگنگ مکمل کرے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت بوٹیلنگ پلانٹ سمیت دیگر منصوبوں کی تجاویز تیار کرے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں