تمام محکمے انسدادِڈینگی کیلئے فیلڈمیں متحرک رہیں:ڈپٹی کمشنر
ہاٹ سپاٹس کی نگرانی،اِن وآؤٹ ڈور سرویلنس، لاروا تلفی میں غفلت ناقابل برداشت
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس ہوا ۔ضلع بھر میں انسدادِ ڈینگی اقدامات اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت ، میونسپل کارپوریشن، واسا، پی ایچ اے ، انٹامالوجسٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروإ نے شرکت کی۔ محکموں کی کارکردگی، سرویلنس سرگرمیوں، لاروا تلفی اور فیلڈ آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام محکمے بھرپور انداز میں متحرک رہیں اور فیلڈ میں جاری سرگرمیوں کی مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے انسداد ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی،ان ڈور وآؤٹ ڈور سرویلنس، لاروا تلفی اور آگاہی مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ ڈینگی کے ممکنہ خطرات کا بروقت تدارک کیا جا سکے ۔