آؤٹ سورسنگ ، مزید 2682سرکاری سکول نجی شعبے کے حوالے
نئے انتظام کے تحت تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز 23 اگست سے ہوگا:پیف آؤٹ سورس کیے گئے سرکاری سکولوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار تک پہنچ گئی
لاہور(خبر نگار)پنجاب میں سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کا تیسرا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے ۔ اس مرحلے میں مزید 2 ہزار 682 سرکاری سکول نجی شعبے کے حوالے کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد آؤٹ سورس کیے گئے سکولوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار ہو گئی ہے ۔ پنجاب حکومت کے سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ پروگرام کے تحت تیسرے مرحلے کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس مرحلے میں مزید 2 ہزار 682 سرکاری سکول این جی اوز اور ایجوکیشن انٹرپرینیورز کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔پیف حکام کے مطابق ان سکولوں میں نئے انتظام کے تحت تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز 23 اگست سے ہوگا، جبکہ تیسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد صوبہ بھر میں آؤٹ سورس کیے گئے سرکاری سکولوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار تک پہنچ گئی ہے ۔لاہور میں تیسرے مرحلے کے دوران 42 سرکاری سکول آؤٹ سورس کیے گئے ۔ سکولوں کی الاٹمنٹ کے لیے این جی اوز کا کوٹہ 40 فیصد جبکہ ایجوکیشن انٹرپرینیورز کا کوٹہ 35 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔پیف حکام کے مطابق اپیلوں پر فیصلہ ہونے کے بعد آؤٹ سورسنگ کے تیسرے مرحلے کی فہرست کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔