معرکہ معیشت جیتنے کے لیے صنعتکار آگے آئیں،گورنر

معرکہ معیشت جیتنے کے لیے صنعتکار آگے آئیں،گورنر

وفاق نے صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے 5 ارب روپے فراہم کیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے استحکام کیلئے کردار ادا کیا، نہال ہاشمی کا کاٹی میں خطاب

کراچی (این این آئی) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد اب پوری قوم کو معرکہ معیشت جیتنے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل نے قومی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کیا، اب کاروباری برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں قائدانہ کردار ادا کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر، سابق صدر خالد تواب، ایس ایم تنویر، زبیر طفیل، زبیر چھایہ اور دیگر معروف صنعتکار بھی موجود تھے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ ترقی کے لیے مستقل مزاجی اور قومی پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے ۔انہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ صرف اپنے اداروں تک محدود نہ رہیں بلکہ پورے پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھ کر سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ اب شکایات نہیں بلکہ عزم، محنت اور عملی اقدامات کا وقت ہے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ وہ پاکستانی صنعتکاروں کو عالمی سطح پر کامیاب اور ڈالرز میں بلینئرز بنتے دیکھنا چاہتے ہیں، کیونکہ صنعتکار خوشحال ہوں گے تو پاکستان بھی خوشحال ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے 5 ارب روپے فراہم کیے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں