ریٹائربلدیاتی ملازمین کو 31کروڑ بقایا جات ادا
میئر کراچی نے بقایاجات کے پنشن چیکس پنشنرز میں تقسیم کر دیئے ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث ملازمین محروم رہے ،مرتضیٰ وہاب
کراچی (این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریٹائرڈ ملازمین میں 31 کروڑ روپے کے بقایاجات کے پنشن چیکس تقسیم کردیئے اور کے ایم سی پنشن کارڈ متعارف کرانے کا اعلان کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان ، پیپلزلیبر بیورو کراچی ڈویژن کے صدر اسلم سموں اور دیگر بھی موجود تھے ، ریٹائرڈ ملازمین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریٹائرڈ ملازمین کا ایک دیرینہ مسئلہ، جو عرصہ دراز سے حل طلب تھا، اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث ریٹائرڈ ملازمین اپنے جائز حقوق سے محروم رہے ، تاہم موجودہ منتخب قیادت نے اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں،انہوں نے کہا کہ جب تین سال قبل موجودہ انتظامیہ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داریاں سنبھالیں تو پنشن کی مد میں تقریباً 11 ارب روپے کے واجبات ادا کیے جانے تھے ، بہتر مالی منصوبہ بندی اور دستیاب وسائل کی مؤثر سرمایہ کاری کے ذریعے 2013 سے 2019 تک ریٹائر ہونے والے ملازمین کے واجبات مرحلہ وار ادا کئے جا رہے ہیں جبکہ آج 31 کروڑ روپے کی ادائیگی کی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ اب بھی تقریباً 6.2 ارب روپے کے بقایاجات ادا کیے جانے ہیں اور اس سلسلے میں کام تیزی سے جاری ہے ۔