میونسپل کارپوریشن کا4ارب 1کروڑ35لاکھ بجٹ منظور

میونسپل  کارپوریشن  کا4ارب 1کروڑ35لاکھ  بجٹ  منظور

1 ارب 82کروڑ 57لاکھ 80ہزار روپے سرکاری گرانٹس ، 1ارب 30کروڑ 91 لاکھ آمدن کی مد میں حاصل ہونے کی توقع غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے 3ارب 39کروڑ 93لاکھ 36ہزار ،ترقیاتی پروگرام اور حکومتی گرانٹ سکیموں کیلئے 4کروڑ 59لاکھ مختص

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت میونسپل کارپوریشن سرگودھا کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تفصیلی غورکے بعد 4 ارب 1 کروڑ 35 لاکھ 15 ہزار 988 روپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمدبلال مخدوم، میونسپل آفیسر (فنانس)، میونسپل آفیسر (پلاننگ) اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بجٹ میں 1 ارب 82 کروڑ 57 لاکھ 80 ہزار 341 روپے سرکاری گرانٹس جبکہ 1 ارب 30 کروڑ 91 لاکھ 14 ہزار 294 روپے اپنے ذرائع سے آمدن کی مد میں حاصل ہونے کی توقع ہے ۔بجٹ کے مطابق غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 3 ارب 39 کروڑ 93 لاکھ 36 ہزار 262 روپے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور حکومتی گرانٹ اسکیموں کے لیے 4 کروڑ 59 لاکھ 77 ہزار 114 روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مالی سال کے اختتام پر 15 کروڑ 44 لاکھ 7 ہزار 612 روپے کے اختتامی بیلنس کا تخمینہ بھی پیش کیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ عوامی مفاد، شفاف مالی نظم و ضبط اور شہری سہولیات کی بہتری کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اپنے ذرائع آمدن میں اضافہ، وسائل کے موثر استعمال، صفائی، سیوریج، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے ، فنڈز کے شفاف استعمال اور عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ افسران ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ اجلاس کے اختتام پر مالی سال 2026-27 کا مجوزہ بجٹ باضابطہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں