گجرات میں اربن فلڈنگ کا کوئی خطرہ نہیں:ایم ڈی واسا
مون سون کے دوران نکاسی آب کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے اقدامات مکمل کر لئے
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر کاشان حفیظ بٹ نے کہا ہے کہ گجرات میں اربن فلڈنگ کا کوئی خطرہ نہیں، اﷲ کے فضل اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق واسا کی تیاریاں مکمل ہیں، گجرات کو ڈوبنے سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر لئے گئے ہیں، سیوریج لائنز اور نالے ڈی سلٹنگ کے بعد مکمل طور پر فعال کر دئیے گئے ہیں جس کی بدولت بارشی پانی کی نکاسی فوری طورپر ممکن بنائی جا سکے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ایم ڈی واسا نے کہا کہ بولے سیوریج منصوبہ میں بچھائی جانے والے پائپ کی امپورٹ میں دیر کی وجہ سے منصوبہ میں تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے منصوبہ کا ایک مہینہ کا دورانیہ بڑھ گیا جس کا ہمیں بخوبی اندازہ ہے ،مون سون کے سیزن میں بولے سیوریج لائن سے 50 فیصد کام لیں سکیں گے اور ڈسپوزل پمپس کو جنریٹر پر چلا کر کام لیں گے ۔ کاشان حفیظ بٹ نے بتایا کہ مون سون ہیوی سیزن میں 19جنریٹرز آپریشنل ہونگے ، شہریوں سے وصول کردہ بلوں کی مد میں اکٹھے ہونے والے ریونیو سے 2 جنریٹر نئے خریدے گئے ہیں، میونسپل کارپوریشن سے 7جنریٹر ہمیں ملے تھے جبکہ مزید 10جنریٹر کرایہ پر حاصل کئے ہیں تاکہ مون سون سیزن میں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کر نا پڑے ۔