نواز شریف سکول آف ایمننس کوٹمومن میں داخلہ ٹیسٹ کا آغاز
داخلے کے لیے 1200 سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ، ڈائریکٹر
کوٹ مومن (نمائندہ دنیا) نواز شریف سکول آف ایمننس کوٹ مومن میں نئے تعلیمی سیشن کے لیے داخلہ ٹیسٹ کا آغاز ہو گیا۔ پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی کے پلیٹ فارم کے تحت منعقد ہونے والا یہ داخلہ ٹیسٹ دو روز تک جاری رہے گا، جس میں ضلع سمیت مختلف علاقوں سے رجسٹریشن کروانے والے طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ڈائریکٹر نواز شریف سکول آف ایمننس ڈاکٹر انصر محمود نے بتایا کہ سکول میں داخلے کے لیے 1200 سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ہے ۔ امیدواروں کی بڑی تعداد کے پیش نظر داخلہ ٹیسٹ کو دو روز پر مشتمل شیڈول کے مطابق منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ تمام طلبہ کو منظم اور شفاف انداز میں امتحان میں شرکت کا موقع فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ داخلہ ٹیسٹ پنجاب حکومت کے مقررہ قواعد و ضوابط پنجاب کے جدید اسیسمنٹ سسٹم کے تحت لیا جا رہا ہے ، جس کا مقصد میرٹ کی بنیاد پر بہترین اور باصلاحیت طلبہ کا انتخاب کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی عمل کو مکمل شفاف، منصفانہ اور نگرانی کے مؤثر انتظامات کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے ۔ڈاکٹر انصر محمود نے والدین اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کرتے ہوئے امتحانی مرکز پہنچیں اور تمام ضروری ہدایات پر عمل کریں تاکہ امتحانی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے ۔