میپکو کی کارروائیاں، متعدد بجلی چور پکڑے ، مقدمات درج

میپکو کی کارروائیاں، متعدد بجلی چور پکڑے ، مقدمات درج

ساہیوال، پاکپتن، عارف والا، رحیم یارخان میں آپریشن، میٹرز ضبط

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)نے بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران مختلف ڈویژنوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد بجلی چور پکڑ لئے ، جبکہ غیر قانونی کنکشن، میٹرز اور استعمال ہونیوالے تار قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ترجمان کے مطابق سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی کی ہدایت پر ایکسین پاکپتن ڈویژن شفیق احمد کی نگرانی میں آپریشن کے دوران 18صارفین بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ ان میں 14 ڈائریکٹ سپلائی، ایک بوگس میٹر، ایک سلو میٹر، دو واش آؤٹ اور ایک جان بوجھ کر خراب کیا گیا میٹر شامل تھا۔بونگا حیات، نورپور اور الفرید سب ڈویژنوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں، جہاں مختلف صارفین ڈائریکٹ سپلائی، بوگس اور خراب میٹروں کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ آٹھ افراد کیخلاف مقدمات کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانوں کو درخواستیں ارسال کر دی گئی ہیں۔

عارف والا ڈویژن کے ساہیوال روڈ سب ڈویژن میں کارروائی کے دوران ایک صارف کو تین ایئرکنڈیشنرز اور ایک بڑا ہیٹر غیر قانونی طور پر بجلی فراہم کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرایا گیا، جسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔دریں اثنا سپرنٹنڈنگ انجینئر رحیم یار خان سرکل عبدالحفیظ بھٹی اور رینجرز کی نگرانی میں جناح سب ڈویژن میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک نادہندہ صارف سے 63 ہزار روپے وصول کئے گئے جبکہ 88 ہزار روپے بقایا جات پر اس کا میٹر اتار لیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں