ایل ڈی اے سٹی کی پالیسی میں 16 سال بعد تبدیلی کی تیاری
اوورسیز کارڈ ہولڈرز کے مختارِ خاص کو مخصوص شرائط سے قبول کرنیکی تجویز
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم کی پالیسی میں سولہ سال بعد اہم تبدیلی کی تیاری شروع کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش انتظامی مشکلات کے پیش نظر جنرل پاور آف اٹارنی سے متعلق قواعد میں محدود نوعیت کی ترمیم کی سفارشات تیار کر لی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے سٹی میں ماضی میں جنرل پاور آف اٹارنی پر فراڈ کے متعدد خدشات سامنے آنے کے بعد اس پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ تاہم اس فیصلے کے باعث بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جائیداد سے متعلق مختلف قانونی اور انتظامی امور نمٹانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔مجوزہ پالیسی کے تحت صرف اوورسیز پاکستانی کارڈ ہولڈرز کے مختارِ خاص کو مخصوص شرائط کے ساتھ قبول کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، تاکہ بیرونِ ملک مقیم مالکان اپنے مجاز نمائندے کے ذریعے ضروری کارروائیاں مکمل کرا سکیں۔ذرائع کے مطابق یہ سہولت صرف اوورسیز پاکستانیوں تک محدود رکھنے کی سفارش کی گئی ہے ، جبکہ پاکستان میں مقیم شہریوں کے لیے جنرل پاور آف اٹارنی پر عائد موجودہ پابندی برقرار رکھنے کی تجویز شامل ہے ۔ مجوزہ ترمیم میں مقامی شہریوں کے لیے کسی نئی رعایت کی سفارش نہیں کی گئی۔