واسا کی مسنگ مین ہولز سے متعلق آگاہی مہم جاری
شہریوں سے ہیلپ لائن 1334 پر فوری اطلاع دینے کی اپیل
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر مسنگ مین ہولز کی بروقت اطلاع سے متعلق آگاہی مہم تیزی سے جاری ہے ، جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔اس سلسلے میں واسا فیصل آباد کے شعبہ سٹیزن لائزن کے عملے نے مدرسہ جامعہ سعیدیہ مرضی پورہ کا دورہ کیا، جہاں طلبہ کو مسنگ مین ہولز سے متعلق آگاہی لیکچر دیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے جن میں شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ کسی بھی جگہ مین ہول کا ڈھکن غائب ہونے کی صورت میں فوری طور پر واسا کی فری ہیلپ لائن 1334 پر اطلاع دیں۔ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق مین ہول کے ڈھکن چوری کرنے یا ان کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد کی فری ہیلپ لائن 1334 چوبیس گھنٹے فعال ہے اور شہری کسی بھی مقام پر مسنگ مین ہول کی اطلاع دے سکتے ہیں، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مختصر وقت میں ڈھکن نصب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد ہی واسا کی بہترین کارکردگی کی ضمانت ہے ۔