اسلام آباد میں دسواں مینگو فیسٹیول، ستر اقسام نمائش کیلئے پیش

اسلام آباد میں دسواں مینگو فیسٹیول، ستر اقسام نمائش کیلئے پیش

کاشتکار، ماہرین، طلبہ شریک، آم کی تحقیق، ویلیو ایڈیشن، برآمدات پر خصوصی توجہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی ملتان، مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان اور سینٹورس مال اسلام آباد کے اشتراک سے دسویں مینگو فیسٹیول کا شاندار افتتاح وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی اور سینٹورس مال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سردار یاسر الیاس خان نے کیا۔فیسٹیول کے پہلے روز شہریوں، طلبہ، زرعی ماہرین، کاشتکاروں اور آم سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمائش میں پنجاب بھر سے آئے کاشتکاروں نے اپنی بہترین پیداوار پیش کی، جہاں آم کی 70 سے زائد اقسام اور 30 سے زائد نمائشی اسٹالز سجائے گئے ۔ شرکاء کو آم کی مختلف اقسام، ویلیو ایڈڈ مصنوعات اور جدید زرعی ٹیکنالوجی سے بھی آگاہ کیا گیا۔مقررین نے کہا کہ ایسے فیسٹیولز پاکستان کے آم کی عالمی شہرت بڑھانے ، کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی، زرعی تحقیق کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لئے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کے دوران آم کی کاشت، تحقیق، پیداوار، ویلیو ایڈیشن، مارکیٹنگ اور برآمدات سے متعلق مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جا رہا ہے ۔زرعی یونیورسٹی ملتان کی جانب سے سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر اختر حمید، لیکچرر عثمان خان اور محمد عدیل جنجوعہ نے فیسٹیول میں شرکت کی اور مہمانوں کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام تحقیق، زراعت، صنعت اور عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے کیساتھ پاکستان کے آم کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید مؤثر انداز میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں