ڈپٹی کمشنر کی پارکنگ پلازوں کی تعمیر،پرائس کنٹرول پر ہدایات
درخواستوں کو میرٹ اور تیز رفتاری کے ساتھ نمٹایا جائے :محمد نعمان صدیق
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ڈی سی آفس کی مختلف برانچز کا دورہ کیا اور عملے کی حاضری، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور دفتری امور کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کی درخواستوں کو میرٹ اور تیز رفتاری کے ساتھ نمٹایا جائے تاکہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گھنٹہ گھر کے اطراف پارکنگ پلازوں کی تعمیر سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں دستیاب مقامات پر پارکنگ پلازوں کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر فوری کام شروع کیا جائے تاکہ گھنٹہ گھر کے گرد پارکنگ کا دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹوں اور بازاروں میں مؤثر انسپکشن کے ذریعے صارفین کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور گراں فروشی و اوورچارجنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔