ڈپٹی کمشنر جھنگ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ
ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کی ، ہدایات جاری
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے انتظامی امور، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کی اور ڈیوٹی پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کی بہترین دیکھ بھال اور بروقت علاج کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور علاج معالجہ، ادویات کی فراہمی اور دیگر طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر مریضوں کو درپیش مسائل بھی سنے اور ان کے فوری حل کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات، ادویات کی بروقت فراہمی، صفائی کے اعلیٰ معیار اور ہسپتال میں نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی سرفہرست ہے ، لہٰذا علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔