زکریا یونیورسٹی :آتشزدگی انکوائری دبانے کے الزامات
ریکارڈ جلنے کا دعویٰ، شفاف تحقیقات، آزاد کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف زوالوجی میں چند روز قبل پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی انکوائری مبینہ طور پر دبا دیئے جانے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جبکہ ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد نہ تو باقاعدہ انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی اور نہ ہی کوئی تفصیلی رپورٹ یونیورسٹی انتظامیہ کو بھجوائی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث شعبے کا اہم ریکارڈ جل کر ضائع ہوگیا۔ بعض ملازمین کا دعویٰ ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بجائے معاملے کو خاموشی سے نمٹانے کی کوشش کی گئی۔ مزید یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر، جو آئندہ چار ماہ میں ریٹائر ہونے والے ہیں، نے معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔ذرائع کے مطابق شعبے کے تین ملازمین کو مبینہ طور پر ہدایت کی گئی کہ وہ آتشزدگی سے متعلق معلومات میڈیا یا دیگر متعلقہ حکام کے سامنے نہ لائیں، جس کے باعث ملازمین میں بے چینی پائی جا رہی ہے ۔
ان کا مؤقف ہے کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات نہ ہونے کی صورت میں واقعے کے حقائق سامنے نہیں آ سکیں گے ۔ذرائع کے مطابق آتشزدگی کی وجوہات، نقصان کی نوعیت اور جلنے والے ریکارڈ کی تفصیلات بھی تاحال سامنے نہیں لائی گئیں۔ ملازمین نے وائس چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آزاد اور شفاف انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے ، جلنے والے ریکارڈ کی تفصیلات منظرعام پر لائی جائیں اور تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔