فشری میں صفائی کا نظام مزید بہتر بنانے کی ہدایت
ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں،محمد علی ملکانی صوبائی وزیر لائیو اسٹاک کا ویٹرنری اسپتال کا بھی دورہ،سہولتوں کاجائزہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سندھ محمد علی ملکانی نے کراچی فش ہاربر کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے فش ہاربر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں جاری انتظامات، ماہی گیروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی کی صورتحال، سکیورٹی اور مختلف ترقیاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فش ہاربر میں صفائی کے نظام، بنیادی سہولیات، سیکیورٹی اور مجموعی انتظامی امور کو مزید بہتر اور فعال بنایا جائے تاکہ ماہی گیروں اور فشریز کے شعبے سے وابستہ دیگر افراد کو ایک مکمل محفوظ اور جدید سہولیات سے آراستہ سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی ملکانی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت فش ہاربر کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، مچھلی کی برآمدات میں اضافے ، ماہی گیروں کی فلاح و بہبود اور سمندری معیشت کے فروغ کے لیے انتہائی مؤثر اور انقلابی اقدامات کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں محمد علی ملکانی نے لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ کے تحت چلنے والے جانوروں کے مختلف اسپتالوں اور ڈسپنسریوں کا اچانک دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے دورے کا آغاز کراچی کے قدیم ویٹرنری اسپتال سے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر نے انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کے علاج اور دیکھ بھال میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی ۔