پی ایچ اے:شاپ سائن بورڈ فیس کی وصولی متاثر،خزانے کو نقصان
ناقص ریکوری کے باعث 6 ارب بیاسی کروڑ روپے کا ممکنہ ریونیو سرکاری خزانے میں جمع نہ ہو سکا،کارکردگی پرسوالات بڑی تعداد میں کمرشل مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور دکانیں شاپ سائن بورڈ فیس کے مؤثر نظام کا حصہ نہ بن سکیں
لاہور (شیخ زین العابدین)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور شاپ سائن بورڈ فیس کی وصولی شدیدمتاثر رہی ، جس کے باعث ادارے کو سالانہ اربوں روپے کی ممکنہ آمدن سے محروم رہنا پڑ رہا ہے ۔دستاویزی اعداد و شمار کے مطابق شاپ سائن بورڈ فیس کی مد میں سالانہ تقریباً سات ارب پچاس کروڑ روپے تک ریونیو حاصل کیا جا سکتا ہے ، لیکن گزشتہ مالی سال کے دوران صرف سڑسٹھ کروڑ روپے کی وصولی ممکن ہو سکی۔اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ناقص ریکوری کے باعث تقریباً چھ ارب بیاسی کروڑ روپے کا ممکنہ ریونیو سرکاری خزانے میں جمع نہ ہو سکا، جس سے ادارے کی مالی کارکردگی اور آمدن بڑھانے کی صلاحیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ دستیاب سرکاری ریکارڈ کے باوجود شہر کی بڑی تعداد میں کمرشل مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور چھوٹی بڑی دکانیں تاحال شاپ سائن بورڈ فیس کے مؤثر نظام کا حصہ نہیں بن سکیں، جبکہ فیلڈ سروے ، انسپکشن اور مانیٹرنگ کے نظام میں بھی مطلوبہ بہتری نہیں آ سکی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران کمزور ریکوری کے باوجود شاپ سائن بورڈ فیس کے نفاذ، دائرہ کار میں توسیع اور وصولیوں میں اضافے کے لیے کوئی جامع حکمت عملی مرتب نہیں کی جا سکی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments