ڈی پی او قصور کیخلاف تحریکِ استحقاق کا معاملہ التوا کا شکار
ڈی پی او نے تاحال پنجاب اسمبلی کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع نہیں کرایا :ذرائع
لاہور (حمزہ خورشید سے )پنجاب اسمبلی میں رکنِ اسمبلی علی حیدر گیلانی کی جانب سے ڈی پی او قصور کے خلاف دائر تحریکِ استحقاق کا معاملہ تاحال التوا کا شکار ہے ۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق معاملہ سرد خانے میں منتقل ہو چکا ہے اور نہ تو رواں ہفتے جوڈیشل کمیٹی کا اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے اور نہ ہی آئندہ ہفتے اجلاس ہونے کی توقع ہے ، جس کے باعث کیس پر مزید پیش رفت رک گئی ہے ۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق ڈی پی او قصور کی جانب سے بھی تاحال پنجاب اسمبلی کے جاری کردہ شوکاز نوٹس کا جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکاز نوٹس میں ڈی پی او قصور پر پنجاب اسمبلی کی لا ریفارمز کمیٹی کے سامنے حقائق چھپانے کا الزام بھی شامل ہے ، جبکہ اپنے پبلک ریلیشنز آفیسر (پی آر او) کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے ۔ شوکاز نوٹس میں ان تمام معاملات پر ڈی پی او قصور سے باقاعدہ جواب طلب کیا گیا تھا، تاہم تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments