پانچویں ، آٹھویں کے تمام مضامین کا امتحان لینے کا فیصلہ
دونوں جماعتوں کے امتحانات کیلئے سوالیہ پرچے پیکٹا فراہم کرے گا
لاہور(خبر نگار)پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) نے رواں تعلیمی سال پانچویں اور آٹھویں جماعت کے تمام مضامین کے امتحانات لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات فروری 2027 کے پہلے ہفتے میں شروع ہوں گے ، جبکہ نتائج مارچ 2027 کے پہلے ہفتے میں جاری کیے جائیں گے ۔پیکٹا کے مطابق آٹھویں جماعت کے طلبہ سے 10 مضامین جبکہ پانچویں جماعت کے طلبہ سے 6 مضامین کا امتحان لیا جائے گا۔ دونوں جماعتوں کے امتحانات کے لیے سوالیہ پرچے پیکٹا کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے ۔امتحانی پرچہ 100 نمبروں پر مشتمل ہوگا، جس میں 40نمبر معروضی جبکہ 60 نمبر تحریری سوالات کیلئے مختص ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق پانچویں جماعت کے تقریباً 11 لاکھ جبکہ آٹھویں جماعت کے تقریباً 10 لاکھ طلبہ امتحانات میں شرکت کریں گے ۔ طلبہ کے لیے امتحانی مراکز قریبی سکولوں میں قائم کیے جائیں گے ۔پیکٹا نے پانچویں اور آٹھویں جماعت کے طلبہ کی امتحانی رجسٹریشن کے لیے 30 ستمبر آخری تاریخ مقرر کردی ہے ۔
متعلقہ سکولوں کو مقررہ تاریخ تک طلبہ کی رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔پیکٹا کے مطابق پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات کا انعقاد فروری 2027 کے پہلے ہفتے میں ہوگا جبکہ امتحانی نتائج مارچ 2027 کے پہلے ہفتے میں جاری کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments