شہر میں ڈینگی کے خطرات برقرار،30ہزار ہاٹ سپاٹ
4 ٹائونز میں ہاٹ سپاٹس کی بھرمار،ہیلتھ اتھارٹی تاحال سرویلئنس شروع نہ کر سکی
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈینگی کے خطرات بدستور برقرار ہیں۔ شہر میں 30 ہزار سے زائد ڈینگی کے ہاٹ سپاٹ موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سمن آباد ٹاؤن، داتا گنج بخش ٹاؤن، راوی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن میں ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی بھرمار رپورٹ کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے ڈینگی سرویلئنس تاحال شروع نہیں کی جا سکی۔ شہر میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے جبکہ پنجاب بھر میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 200 سے زائد رپورٹ ہو چکی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال ڈینگی وائرس میں اضافے کا امکان ہے ۔اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس پر مکمل فوکس کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ انسدادِ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے اردگرد پانی کو کھڑا نہ ہونے دیں اور نکاسی آب کو یقینی بنائیں۔ جس گھر سے بھی ڈینگی کا لاروا برآمد ہوا وہاں پر ریڈ سٹیکر لگایا جائے گا۔شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments