3 اضلاع میں پولیو مہم مؤخر، 24 لاکھ بچے ویکسین سے محروم
ڈی جی خان، راجن پور ، مظفرگڑھ شامل ، چند ہفتوں بعد مہم شروع کرینگے :حکا م
لاہور (بلال چودھری )پنجاب کے تین اضلاع میں پولیو مہم شروع نہ ہو سکی، 24 لاکھ سے زائد بچے ویکسین سے محروم،پنجاب میں پولیو کے خاتمے کے مشن کو بڑا دھچکا لگا ہے ، صوبے کے تین اہم اضلاع میں انسداد پولیو مہم مؤخر کر دی گئی ہے جس کے باعث 24 لاکھ سے زائد بچے انسداد پولیو ویکسین سے محروم رہ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈی جی خان، راجن پور اور مظفرگڑھ میں نامکمل تیاریوں، سکیورٹی خدشات اور آپریشنل سامان کی عدم دستیابی کے باعث مہم شروع نہیں کی جا سکی۔
تفصیلات کے مطابق تینوں اضلاع میں مہم مؤخر ہونے سے مجموعی طور پر 24 لاکھ سے زائد بچے متاثر ہوئے ہیں۔ ڈی جی خان میں 8 لاکھ 16 ہزار، راجن پور میں 5 لاکھ 81 ہزار اور مظفرگڑھ میں 10لاکھ 25 ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلائے جا سکے ۔محکمہ صحت ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کے لیے درکار ویکسین کیریئر، فنگر مارکرز اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکی جبکہ پولیس کی جانب سے سکیورٹی پلان بھی مکمل نہیں کیا گیا تھا۔دوسری جانب محکمہ صحت کے حکام کا مؤقف ہے کہ جیسے ہی تیاریاں مکمل ہوں گی ،تینوں اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز کر دیا جائے گا اور امکان ہے کہ چند ہفتوں بعد ان اضلاع میں خصوصی مہم چلائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments