پارک اجڑ گئے, باغ بنجر, گندگی کے ڈھیر, ویرانی کا راج
پی ایچ اے کی آمدنی کم، اخراجات زیادہ، پارکوں کی بحالی کیلئے سالانہ 30کروڑ درکار، جھولے ٹوٹے ، لائٹس بند ہیں، تزئین و آرائش کررہے ، بہتری نظر آئیگی:ڈی جی
ملتان(شفقت بھٹہ،خبر نگار خصوصی)پارک اجڑ گئے ،باغ بنجر زمین کا منظر پیش کرتے ہیں جبکہ گندگی کے ڈھیروں اور ویرانی کے راج کے باعث شہر کے بڑے پارکوں میں تباہ حالی کا منظر نظر آتا ہے ۔ مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث گرین بیلٹس تباہ حال ہیں جہاں نشئیوں اور آوارہ کتوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں ۔ پی ایچ اے مالی بحران کا شکار ہے ، محکمہ کو پارکوں کی بحالی کے لئے سالانہ 30 کروڑ روپے درکار ہیں جبکہ آمدنی کم اور اخراجات زیادہ ہونے کے باعث پی ایچ اے پارکوں کی تزئین و آرائش میں ناکام ہو گیا ہے ۔ شاہ شمس پارک، جناح پارک، قاسم باغ، باغ لانگے خان، عام خاص باغ سمیت ملتان شہر کے درجنوں پارکوں میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، جھولے ٹوٹے ہوئے ہیں اور بینچ تباہ حال ہیں، کہیں چٹیل میدان شہریوں کا منہ چڑا رہے ہیں اور کہیں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ حالت زار بہتر کرنے والے محکمہ کے افسران اپنے دفتروں تک محدود ہیں۔ پارکوں میں لائٹس غیر فعال اور ٹریک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ اسی طرح گرین ملتان مہم بھی دم توڑ چکی ہے جس کی وجہ سے شہرکے بڑے پارکس اپنی خوبصورتی کھوچکے ہیں، گھاس سوکھی ہوئی ہے اور ہمیشہ ویرانی کے ڈیرے رہتے ہیں ۔ دوسری جانب ڈی جی پی ایچ اے زاہد اکرام نے کہا ہے کہ وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پارکوں کی تزئین و آرائش کر رہے ہیں، بہت جلد بہتری نظر آئے گی۔دریں اثنا انہوں نے پارکوں کا دورہ بھی کیا اور اس موقع پر کہا کہ پبلک پرائیو یٹ پارٹنر شپ اور ادارہ کے مو جو دہ وسائل کے تحت پا رکوں کی بہتری اور شجرکا ری کے لئے کو شا ں ہیں۔رواں ما ہ شجر کا ری کی جا ئے گی۔ پارکوں میں موسمی پھولو ں کی شجر کاری کا ٹا سک بھی دے دے گیا ہے ۔