ضلعی انتظامیہ خانیوال نے سٹرکوں کی تعمیر ومرمت شروع کردی

ضلعی انتظامیہ خانیوال نے سٹرکوں کی تعمیر ومرمت شروع کردی

کبیروالاتا خانیوال، حسینی چوک کچاکھوہ تا عبدالحکیم اور جہانیاں بائی پاس کی مرمت کا فیصلہحکومت پنجاب کی اولین ترجیح کاشتکاروں کی فلاح و بہبود ہے ،صوبائی وزیر حسین جہانیاں

خانیوال،عبدالحکیم (ڈسٹرکٹ رپو رٹر،نامہ نگار،سٹی رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر کرشنگ سیزن کے دوران گنے کی ٹرالیوں کی بلارکاوٹ جے کے شوگر ملز میانچنوں تک رسائی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ خانیوال نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے اقدامات شروع کردیئے ۔صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی اور ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت اجلاس میں کبیروالاتا خانیوال، حسینی چوک کچاکھوہ تا عبدالحکیم اور جہانیاں بائی پاس سمیت مختلف سڑکوں کی مرمت کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا جس پر 75 ملین روپے لاگت آئے گی۔اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی فیصل اکرم خان نیازی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اکرام ملک،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شاہد رحمان، ایکسین ہائی ویز محمد کامران ملک سمیت شوگر ملز انتظامیہ نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کی چاروں تحصیلوں سے گنے کی شوگرملز تک فراہمی کے لیے مختلف سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر غور و خوص کیا گیا تاکہ کاشتکاروں کو کرشنگ سیزن کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔صوبائی وزیر سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح کاشتکاروں کی فلاح و بہبود ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے کاشتکاروں کی مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ ضروری کارروائی کے بعد ان منصوبوں پر کام جلد از جلد شروع کرایا جائے انہوں نے سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے گنے کی ٹرالیوں کے روٹس بارے بھی تفصیلات طلب کرلیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں