بوریوالا میں میگا پراجیکٹس پر کام شروع کردیا:ڈپٹی کمشنر

بوریوالا میں میگا پراجیکٹس پر کام شروع کردیا:ڈپٹی کمشنر

سیوریج،واٹر سپلائی،نئی سڑکوں کی تعمیر کیلئے ماسٹر پلان ترتیب دیا جا رہا ہے

بوریوالا(سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر مبین الہٰی نے اپنے دورہ بورے والا پر اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر عمرفاروق کے ہمراہ میڈیاکو بتایا کہ بورے والا کو گرین اور کلین بنانے کے لیے کروڑوں روپے کی لاگت سے میگا پراجیکٹس پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ورلڈ بینک کے تعاون سے ماہرین کی زیرنگرانی نئے سیوریج،واٹر سپلائی،سٹریٹ لائٹس سمیت ٹریفک کے دباؤکو کم کرنے کے لیے خستہ حال اور نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے ماسٹر پلان ترتیب دیا جا رہا ہے ،جس سے شہریوں کے مسائل میں کمی کے ساتھ شہر کے حسن کو بھی چار چاند لگیں گے ، انہوں نے کہا کہ میری ذاتی کوششوں سے بورے والا کے لیے 150 ملین کے فنڈز کی منظوری ہو چکی ہے ، جس سے چنوں موڑ سے لے کر ریلوے پھاٹک چک 261 ای بی تک ہائی وے اور ریلوے لائن کے درمیان سرکاری اراضی پر مختلف اقسام کے گھنے ماحول دوست درخت لگائے جا رہے ہیں، اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر عمر فاروق کو ہدایات جاری کیں کہ تحصیل بوریوالا کی اربن اور غیر اربن حدود میں واقع تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں ماحولیاتی قانون کے مطابق سبز درختوں کی تعداد کو چیک کیا جائے اور جہاں پر قانون کی خلاف ورزی پائی جائے ان ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں