ٹی ایچ کیو بوریوالہ میں مریضہ کے لواحقین کا نرس پر تشدد

ٹی ایچ کیو بوریوالہ میں مریضہ کے لواحقین کا نرس پر تشدد

ہسپتال کے عملے نے ہڑتال کردی ،احتجاج ،گرفتار ملزم کو بھی خوب مارا پیٹا

بورے والا(سٹی رپورٹر )تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بورے والا کے کورونا وارڈ میں ڈیوٹی پر موجود مریضہ کے ساتھ آئے افراد نے سٹاف نرس کو تشددکا نشانہ بناڈالا ،واقعہ کے خلاف نرسوں اور دیگر سٹاف نے او پی ڈی بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا، پولیس نے ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیاتو ہسپتال کے مشتعل عملہ نے اس پر تشددکیا جبکہ گرفتار شخص نے نرس کے الزام کو جھوٹا قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا کے کورونا وارڈ میں مریضہ کے ساتھ موجود دو افراد نے مبینہ طور پر سٹاف نرس عظمی شہزادی پر تشدد کیاجس سے اس کا یونیفارم اور ڈوپٹہ پھٹ گیا ، واقعہ کے خلاف نرسوں اور دیگر سٹاف نے احتجاجا او پی ڈی بند کرکے سٹیڈیم روڈ پراحتجاج کیا، پولیس نے ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے گاڑی میں بٹھایا تو ہسپتال عملہ کے مشتعل مظاہرین نے اس پر بہیمانہ تشدد کیا پولیس اور ہسپتال انتظامیہ تماشہ دیکھتی رہی۔ ایم ایس ٹی ایچ کیو ڈاکٹر عمران بھٹی کا کہناہے کہ نرس پر تشددکی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے ۔گرفتارملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیاہے جبکہ اس کا کہناہے کہ نرس موبائل پر مصروف تھی اور والدہ کی طبعیت خراب ہونے پربلایا تو نہ آئی ،اسے پکڑ کر وارڈ میں لائے تھے جس کے بعد اس نے تشدد کا الزام لگادیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں