مارکیٹ میں سپلائی چین ،ریٹس کی کڑی مانیٹرنگ شروع

 مارکیٹ میں سپلائی چین ،ریٹس کی کڑی مانیٹرنگ شروع

کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے

ملتان( وقائع نگار خصوصی )اس سلسلے میں منڈیوں اور عام مارکیٹ میں سپلائی چین اور ریٹس کے میکنزم کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کی خاطر مہنگائی کو ہوا دینے والے بڑے آڑھتیوں اور ذخیرہ اندوزوں کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کے ہمراہ سبزی منڈی کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اشیائخوردونوش کی سپلائی چین اور بولی چیک کی۔کمشنر نے ٹماٹر،پیاز،آلو اور فروٹس کی سپلائی کا بھی جائزہ لیا اور مارکیٹ کمیٹی کو انکی طلب و رسد کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی، کمشنر کا کہنا تھا کہ چکن سمیت تمام اشیائضروریہ سرکاری ریٹس پر دستیابی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر کہا کہ بڑے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے نیٹ ورک کو ٹریس کرلیا ہے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منڈی میں ہر شہری آزادانہ بولی کے ذریعے سستے ریٹس سے مستفید ہوسکتاہے ۔بعدازاں ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں کے ہمراہ وحدت کالونی کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے وحدت کالونی کی باؤنڈری وال، گیٹ ، پلرز کی تعمیر مکمل کرنے کا حکم دیا۔ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو وحدت کالونی کی بہترین صفائی یقینی بنائے ۔واسا کالونی میں پانی لیکیج کا فوری سدباب کرے ۔جلد دورہ کرکے ازخود احکامات پر عملدرآمد چیک کروں گا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں