پاکستان کیلئے تیزی سے بڑھتی آبادی سنگین مسئلہ،صدیق احمد

وہاڑی(نمائندہ دنیا ) ضلعی محکمہ بہبود آبادی کے زیرِ اہتمام عالمی یوم مانع حمل کے حوالے سے سوشل ویلفیئر دفتر میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔۔۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر صدیق احمد نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے اس پر قابو پانا نہایت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر فرد تک وسائل کے مطابق کنبہ کی تشکیل کا پیغام پہنچانا ہے تاکہ آبادی میں بے ہنگم اضافہ سے پیدا ہونے والے صحت، صفائی، روزگار، خوراک، رہائش جیسے مسائل کو کم کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ ماں کا اپنے بچے کو دو سال تک دودھ پلانے کا عمل بھی حمل میں روکاوٹ کا قدرتی ذریعہ ہے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی آفیسر بہبود آبادی عاصم ہدایت نے کہا کہ محکمہ بہبودِ آبادی عوام میں وسائل کے مطابق کنبہ کی تشکیل کا شعور اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہے تاہم مرد کی بالادستی کے حامل معاشرے میں خواتین کی ایک بڑی تعداد ہچکچاہٹ کا شکار ہے تاہم خواتین فیلڈ ورکرز کے ذریعے گھر گھر پیغام پہنچانے کا سلسلہ بھی جاری ہے ضلع کے تمام چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں قائم کاؤنٹرز اور علمائے کرام کے ذریعے بھی بہبود آبادی کا پیغام پہنچایا جا رہا ہے ۔