تلیری کینال کی 6ماہ سے جبری بندش ،کسانوں کا احتجاج

تلیری کینال کی 6ماہ سے جبری بندش ،کسانوں کا احتجاج

مونڈکا،رنگ پور(نامہ نگار)تلیری کینال مظفرگڑھ کی 6 ماہ سے جبری بندش پر کسانوں کا تیسری بار ایگری فورم رجسٹرڈ پاکستان کے زیر اہتمام احتجاج۔۔

 ، نہری پانی کی فراہمی کیلئے مطالبہ ۔ تفصیل کے مطابق خان گڑھ کے کسانوں ملک فیض بخش ، محمد اقبال ، نذیر احمد ملک، اللہ دتہ، محمد حسین، رحیم بخش ، منیر احمد ، محمد یوسف، میاں اللہ دتہ ، ملک محبوب ، سلیم ملک سمیت دیگر درجنوں افراد نے گزشتہ روز ایگری فورم رجسٹرڈ پاکستان کے زیر اہتمام تلیری کینال مظفرگڑھ میں نہری پانی کی عدم فراہمی کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور نہری پانی کی فراہمی کیلئے مظاہرہ کیا۔ کسانوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایکسین انہار خان گڑھ اور مظفرگڑھ نے تلیری کینال کو چالو کرنے کیلئے تاحال باضابطہ حکام کو کوئی تار نہیں بھیجی ، نہری پانی کی عدم دستیابی سے کسان طبقہ مہنگے داموں ڈیزل خرید کر کے آبپاشی کرنے پر مجبور ہیں ، آم کے باغات ودیگر فصلیں پانی نہ ملنے سے سوکھ رہی ہیں، پہلے ہی کھاد ، بیج بلیک میں اضافی قیمتوں پر خریدے ، اب مہنگا ڈیزل خرید کر فصلوں کو پانی لگایا جا رہا ہے جس سے کسان مقروض ہو چکے ہیں،وزیر اعلیٰ فوری نہر چالو کرائیں ورنہ پورے پنجاب میں احتجاجی تحریک چلائی جائیگی۔ ایگری فورم رجسٹرڈ پاکستان کے مرکزی صدر احمد علی اختر اور مرکزی سیکرٹری انفارمیشن مہرراشدنصیرسیال نے نہر کی 6 ماہ سے جبری بندش کو کسانوں کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقہ کے منتخب نمائندے اس سنگین معاملے پراسمبلی میں آواز بلند کریں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں