دربار حضرت سخی سرورؒ کی اراضی کی حدبراری کا فیصلہ

دربار حضرت سخی سرورؒ کی اراضی کی حدبراری کا فیصلہ

ملتان(خبرنگارخصوصی)اوقاف حکام نے ضلع ڈیرہ غازی خان میں دربار حضرت سخی سرور سے ملحقہ 31ہزار 929ایکڑ اراضی کی حد براری کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ مقامی وڈیروں اور قابض بااثر شخصیات نے حدبراری روکنے کے لئے اعلیٰ سطح پر رابطوں کا آغاز کر دیا ہے ۔

واضح رہے کہ ڈیرہ غازیخان زون کے سخی سرور سرکل میں محکمہ اوقاف کی تقریباً 31 ہزار ایکڑ کمرشل زمین لاوارث پڑی ہے اور سالہاسال سے قبضے اور تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ۔ مقامی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ مال کے عدم تعاون کے باعث آج تک اس رقبہ کی حد براری نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق سخی سرور کا کل رقبہ 41 ہزار ایکڑ ہے جس میں سے 31 ہزار ایکڑ رقبہ اوقاف کا ہے ۔ تمام رقبہ سڑکوں کے کنارے اور کمرشل ہے ۔ 1960 سے ہی تجاوزات و قبضہ جات کا سلسلہ جاری ہے جن میں مکانات، سکولز، کمرشل دکانیں، پلازے ، کریشرز، فیکٹریاں، بینک، ٹاور وغیرہ شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف ڈیرہ غازی خان زون میں قبضوں کی بھرمار کی بنیادی وجہ وہاں مقامی وڈیروں اور پولیس افسروں کی سرپرستی ہے ۔ محکمہ اوقاف کے ماضی کے افسروں کی ملی بھگت کے باعث آج تک اوقاف اراضی کا سروے ہی نہیں کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں