وہاڑی حادثہ،ایس ڈی او سمیت 3اہلکار معطل

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)انتظامیہ نے وہاڑی میں ڈیوٹی کے دوران غیر مہلک حادثہ رونماہونے پر ایس ڈی او سمیت تین اہلکاروں کو معطل کردیاہے ۔
میپکو ٹھینگی سب ڈویژن وہاڑی کے علاقہ میں کرنٹ لگنے کے واقعہ میں لائن مین گریڈ IIمحمد ریاض زخمی ہوئے جس پر محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے قائمقام ایس ڈی او ٹھینگی سب ڈویژن وہاڑی اعجاز امین، قائمقام لائن سپرنٹنڈنٹ قاضی محمد عاصم اور اسسٹنٹ لائن مین لقمان اکرم کو معطل کیاگیا۔ ایگزیکٹو انجینئر آپریشن میپکو وہاڑی ڈویژن عمار علی رضا صدیقی نے حادثے میں زخمی ہونے والے لائن مین گریڈ IIمحمد ریاض کی نشتر ہسپتال ملتان میں عیادت کی اور کہا کہ محکمہ لائن مین اور اس کے اہلخانہ کے ساتھ ہے ۔ واقعہ کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کی رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔