بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن شروع

بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن شروع

ملتان (وقائع نگار خصوصی، خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوام کو صحت کی مثالی سہولیات کی فراہمی کے لئے بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے شروع کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں قائم مراکز صحت کی عمارتوں اور انفراسٹرکچر کو ترجیحی بنیادوں پر جدید خطوط پر ڈھالا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بنیادی مرکز صحت قاسم بیلا میں جاری ترقیاتی منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مرکز صحت کی نئی بلڈنگ اور مختلف شعبوں کی تعمیر و مرمت کے کام کا جائزہ لیا اور بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں میں دور دراز سے آنے والے مریضوں کو گائنی، ایمرجنسی ،سمیت تمام بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مراکز صحت پر جدید طبی حالات اور ماہر ڈاکٹروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر علاج و معالجہ کے حقوق حاصل ہو سکیں۔دریں اثناحکومت پنجاب کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کرتے ہوئے معیار تعلیم کی بہتری کیلئے ضلع ملتان کے 63 سرکاری سکولز کو پہلے مرحلے میں نجی سیکٹر کے حوالے کردیا گیا ۔آؤٹ سورس کئے جانے والے ان سکولز میں تمام تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور طلبہ کے داخلوں سمیت تمام انتظامی امور نجی سیکٹر کے ذمہ ہونگے ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے گزشتہ روز آؤٹ سورس کئے جانے والے گورنمنٹ پرائمری سکول اجوائن شریف قاسم بیلہ کا اچانک دورہ کیا اور طلبہ کو فراہم تعلیمی سہولیات کا معائنہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو نجی سیکٹر کے حوالے کئے گئے سکول کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھونے کہا کہ حکومت پنجاب نے سرکاری سکولز کی کارکردگی بہتر کرنے اور معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لیے ابتدائی طور پر 60 سے زائد سکولز کو نجی سیکٹر کے حوالے کرتے ہوئے بھرپور مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں