سعودیہ،قطر کے معاہدے معیشت کو سہارادینگے ،حافظ عمیر
ملتان (لیڈی رپورٹر )ملتان چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر حافظ عمیر سعید نے معیشت بحالی اور استحکام کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے۔
کہ سعودی عرب اور قطر سے ہونیوالے معاہدے معیشت کو سہارا دیں گے تاہم حکومت مقامی طور پر بھی سرمایہ کاروں کاروباری طبقات کوایز آف ڈوئنگ بزنس دے تاکہ ملکی سرمایہ کار اور کاروباری طبقات بھی حکومت کے شانہ بشانہ چل سکیں اور معیشت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی تاجر و صنعتکار برادری کے ٹیکسز مسائل حل اور شرح سود کو سنگل ڈیجٹ تک لانے کی کوشش کرے ۔آج ہمارا تجارتی سیکٹر ٹیکسز مسائل میں گھرا ہے اور حکومت و ایف بی آر مزید ٹیکس گزار تلاش کرنے کی بجائے موجودہ ٹیکس گزاروں پر مختلف نت نئے طریقوں سے زبردستی ٹیکس وصولی کی کوششوں میں لگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سستی بجلی،گیس اور ٹیکسز مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ شرح سود بھی سنگل ڈیجٹ تک لائی جائے ۔تب ہی مقامی طور پر ہم ریونیو میں اضافہ کر سکتے ہیں اور ہماری تیارکردہ مصنوعات بین الاقوامی سطح پرمقابلہ کرنے کی پوزیشن میں ہوں گی۔