پالیسی ریٹ میں ڈھائی فیصد کمی خوش آئند، چیمبر آف کامرس

پالیسی ریٹ میں ڈھائی فیصد کمی خوش آئند، چیمبر آف کامرس

ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ٹیکسیشن سب کمیٹی نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ، جس میں پالیسی ریٹ میں 2.5 فیصد کمی کرکے ا سے 15 فیصد کر دیا گیا ہے ۔

کمیٹی نے اس اقدام کو مثبت قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پالیسی ریٹ میں کم از کم 5 فیصد مزید کمی کی جائے تاکہ کاروباری طبقے کو زیادہ سہولت ملے ، معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئے اور پاکستان میں معاشی استحکام کو فروغ ملے ۔اس سلسلہ میں ٹیکسیشن سب کمیٹی کا اجلاس کنوینر خواجہ سہیل طفیل کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے کنوینر نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی سے پاکستان کی معاشی پالیسیاں دیگر ترقی پذیر ممالک کے برابر آ جائیں گی، جہاں کاروباری توسیع اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے پالیسی ریٹ کم رکھے جاتے ہیں۔ ٹیکسیشن سب کمیٹی نے پر زور مطالبہ کیا کہ سیلز ٹیکس ریٹرن کی فائلنگ کے لیے CFOs سے ماہانہ بنیاد پر حلف نامہ جمع کرانے کی شرط فوری طور پر واپس لی جائے ۔ یہ شرط کاروباری اداروں کے لیے اضافی بوجھ اور غیر ضروری پیچیدگی پیدا کرتی ہے ، جو کاروباری ماحول کو غیر مستحکم کرنے کا باعث بنتی ہے ۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ ماہانہ حلف نامے کی شرط کو فی الفور اور مستقل بنیادوں پرختم کیا جائے تاکہ کاروبار کو آسان اور سہل بنایا جا سکے اور پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے ۔ٹیکسیشن سب کمیٹی نے برآمدی ترسیلات پر ودہولڈنگ ٹیکس کو 1 فیصد سے بڑھا کر 2 فیصد کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ٹیکس کی شرح کو فوری طور پر دوبارہ 1 فیصد کیا جائے تاکہ برآمد کنندگان کو سہولت ملے اور پاکستان کے برآمدی شعبے کی ترقی میں مدد مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں