تحصیل ہسپتال جہانیاں میں ادویات نایاب، مریض خوار
جہانیاں(نمائندہ دنیا)تحصیل ہسپتال جہانیاں میں ادویات کی مصنوعی قلت ، مریض خوار۔عملہ کامریضوں پربازارسے ٹیسٹ کرانے اور ادویات خریدنے کیلئے دباؤ،متاثرین سراپا احتجاج بن گئے ، وزیر اعلیٰ اور وزیر ہیلتھ پنجاب ودیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیل کے مطابق جہانیاں ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ادویات کا فقدان ،مریض دربدر ہونے لگے ،وارڈ میں داخل مریضوں کے لواحقین کو انچاراج نرسنگ سٹاف کی جانب سے پرچی تھما کرکہا جاتاہے کہ پہلے بازار سے ادویات لائیں پھر علاج ہوگا۔ نواحی گاوں 123دس آر کے محمد حنیف نے بتایاکہ وہ اپنی بیٹی کا ڈلیوری آپریشن کرانے آئے مگر سہولیات نہیں دی گئیں، خون کے ٹیسٹ بھی باہر سے کرائے ،ادویات بھی باہر سے لایا،ابتک بازار سے 3ہزار روپے کی ادویات خرید چکا ہوں پھر آپریشن کا ٹائم ملا ، عملہ بات سننے کو تیار نہیں ۔ 158دس آر کے محمداسلم دوبچوں کو چیک اپ کے لئے لایا تو وارڈ انچاراج نرسوں نے پر چی تھما دی کہ بازار سے ڈرپس اور انجکشن لیکر آؤ پھر علاج ہوگا۔ لواحقین کا کہنا تھاکہ فارمیسی ادویات سے بھری پڑی ہے مگرانتظامیہ کہتی ہے کہ ادویات نہیں ہیں ۔