سموگ،مظفرگڑھ میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ،چھٹیاں منسوخ

 سموگ،مظفرگڑھ میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ،چھٹیاں منسوخ

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا ہے کہ حکومت نے سموگ کا آفت قرار دیے دیا ہے جس کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے ۔ تمام متعلقہ سرکاری محکموں میں افسران اور سٹاف کی چھٹیوں کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔

یہ بات انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کے لئے بھر پور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، زگ زیگ کے بغیر چلنے والے تمام بھٹوں کو مسمار اور تمام بھٹوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے ، دھواں چھوڑتی گاڑیوں کو فوری طور پر آف روڈ کیا جائے ، فصلوں کی باقیات جلانے والوں کو خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ، سب سے پہلے تمام سرکاری محکموں کی گاڑیوں کی پڑتال کی جائے جو گاڑیاں خراب ہیں اور دھواں چھوڑتی ہیں ان کو فوری طور پر مرمت کرایا جائے اور آف روڈ کیا جائے ۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ریڑھی بازار، ویگن سٹینڈ اور بس سٹینڈ کا بھی دورہ کیا، سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا اور ریڑھی بانوں کو ہدایت کی کہ نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کریں ۔انہوں نے دارالامان اور قصر بہبود کا بھی معائنہ کیا اور مقیم خواتین میں کپڑے اور تحائف بھی تقسیم کئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں