سموگ لاک ڈاؤن:پولیس،انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل

سموگ لاک ڈاؤن:پولیس،انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل

ملتا ن(وقائع نگار خصوصی) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے سموگ کے تناظر میں مکمل لاک ڈاون یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں ہوٹل،بازاروں اور مارکیٹوں کو شٹ ڈائون کرنے کیلئے پولیس و انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز مکمل بند کردیئے گئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انسداد سموگ کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور ایس ایس پی آپریشنز کامران خان بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ تمام تعمیراتی کاموں پر مکمل پابندی کردی گئی ہے جبکہ ہیوی ٹریفک کو ملتان میں داخلے سے روکنے کیلئے ٹریفک پولیس کو ٹاسک دے دیا۔ وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس اور مارکیٹس کے خلاف کارروائی کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے ضلعی انتظامیہ نے کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں کے خلاف مزید 50 مقدمات درج کرادیئے ہیں جبکہ سموگ کے پیش نظر ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام فیصلوں کا اطلاق 24 نومبر تک ہوگا جبکہ فارمیسز، ڈیپارٹمنٹل سٹورز، ڈیری شاپس، آٹا چکی، تندور کو استثنیٰ ہوگا۔دوسری جانب کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے کہا ہے کہ ڈویژنل انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے گڈ گورننس ماڈل پر عمل پیرا ہے اس سلسلے میں انتظامیہ اور عوامی نمائندگان باہمی کوآرڈی نیشن کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کمشنر آفس میں انتظامیہ اور سیاسی قیادت کے مشترکہ کوآرڈی نیشن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سہیل چودھری ،ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور ایم پی اے سلمان نعیم بھی شریک ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں