تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں صحت میلہ دوسرے روز جاری
کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار ) 3روزہ صحت میلہ تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال کوٹ ادومیں کامیابی سے جاری ہے ،۔
گذشتہ دوسرے روزصحت میلے کا افتتاح سابق صدر پریس کلب وضلعی و مرکزی انجمن تاجران کے صدر محمد عثمان شیخ نے کیا،اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد رضا مغل،میڈیکل سپریڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر مہر کامران اکبر،رائے طاہراعجاز، عمر دراز،ممتاز احمد قادری،ملک واجد سعید ودیگر شامل تھے ۔اس موقع محمد عثمان شیخ نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے عوام کے لئے یہ صحت میلہ ایک نعمت سے کم نہیں ہے ،صحت میلہ میں ڈاکٹرز،لیڈی ڈاکٹرز،نرسز اور دیگر سٹاف کے کام کرنے کا جذبہ قابل تحسین ہے ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر مہر کامران اکبر نے کہا کہ صحت میلہ میں 2روز کے دوران 1600 سے زائد مریضوں کا طبی معائنہ کیا جا چکا ہے ،صحت میلہ منانے کا مقصد لوگوں کو ان کی دہلیز پر بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے ، ہفتہ صحت آج 22نومبر تک جاری رہے گا،انہوں نے کہا کہ سکریننگ کائونٹرز پررجسٹریشن کرانے کے بعدلوگوں کو شوگر،بلڈ پریشر، ہیموگلوبن کی مقدار، ہیپاٹائٹسB&C،ایڈزاور ٹی بی کے ٹیسٹوں اورعلاج کی مفت سہولت میسر ہونے کے ساتھ حاملہ خواتین اور2سال سے کم عمر بچوں کی ہیپاٹائٹس بی کی ویکسی نیشن بھی مفت کی جارہی ہے اورجن لوگوں کا ہیپاٹائٹس Bاور C مثبت ہوگاان کے پی سی آر نمونہ جات بھی لیے جائیں گے ۔