بشریٰ بی بی کا سعودیہ کیخلاف بیان ملک دشمنی، احمد یار ہنجرا

 بشریٰ بی بی کا سعودیہ کیخلاف بیان ملک دشمنی، احمد یار ہنجرا

کوٹ ادو(نامہ نگار،تحصیل رپورٹر)سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ضلعی صدر مسلم لیگ ن ملک احمد یار ہنجراء نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کا بیان پاکستان کو ان ملکوں کے سامنے تنہا کرنا ہے۔

 جنہوں نے ڈیفالٹ کی صورت میں پاکستان کو باہر نکالا، سعودی عرب کے خلاف بیان دے کر انہوں نے ملک دشمنی کا کھلم کھلا مظاہرہ کیا، پی ٹی آئی ملک کے مفاد میں احتجاج کی سیاست چھوڑ کر وطن کی سلامتی کی سیاست کرے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے سے زیادہ ملک کو تباہ کرنے کی سازش کا حصہ تھی، حکومت میں رہ کر وہ مکمل طور پر ناکام سیاست داں ثابت ہوئے اور اب وہ انتشار پھیلا کر ملک کی معاشی صورت حال کو بد سے بدتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا ایجنڈا وہی ہے جو اسرائیل کا ایجنڈا ہے ،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پاکستان کے ساتھ دشمنی میں آخری حد تک چلے گئے ہیں، بانی نے بطور وزیراعظم سعودی عرب، چین اور امریکہ کے ساتھ تعلقات نازک موڑ تک پہنچائے ، پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا، اب بشری بی بی اپنے شوہر کی نقش قدم پر چلتے ہوئے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگا رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں