دکانوں پر قبضہ کی کوشش ، تشدد،اخبار فروش سمیت 3زخمی
مونڈکا (نامہ نگار)کمرشل دکانوں کی ملکیت کا تنازع،حکم امتناع کے باوجود قبضہ کی کوشش روکنے پر درجن بھر افراد نے تشدد کر کے اخبار فروش سمیت تین افراد کو زخمی کر دیا۔
،اطلاع پر پولیس نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر کے ملزم گرفتار کرلئے اوربعد ازاں چھوڑدیا ،متاثر رمضان قریشی نے الزام لگایا ہے کہ ملزموں نے خود کو کٹ لگوا کرپولیس سے ڈاکٹ بنوا لئے ہیں۔شاہجمال کے رہائشی اخبار فروش محمد رمضان سعید قریشی نے بتایا کہ چوک ملانوالہ کے مقام پراس کی موجود وارثتی دکانوں پر عدالت نے حکم امتناع جاری کررکھا ہے ، ساجد رسول،طارق، خالد ،احمد ساجد،اصغر،صمد ،ناصر، نادر، ارشد وغیرہ نے دیگر چار افراد کے ہمراہ دکانوں پر قبضہ کی کوشش کی ،روکنے پر میرے علاوہ شاہد اور راشد قریشی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس نے ہمیں ہسپتال منتقل کیا اور ملزم گرفتار کرلئے اورمیڈیکولیگل رپورٹ میں تاخیر کی بنا پر ملزموں کو رہا کردیا۔ رمضان نے الزام لگایا کہ ملزم خود ساختہ کٹ لگوا کر پولیس سے ڈاکٹ لیکر الٹا ہمارے خلاف کارروائی کی دھمکیاں دے رہے ہیں ، ڈی پی او مظفر گڑھ انصاف دلائیں۔